Thursday, 05 April, 2007, 08:19 GMT 13:19 PST
چین میں ایک ٹی وی چینل نے ہم جنس پرستی کے بارے میں پروگرام شروع کیا ہے جو اس کے مطابق اس موضوع پر پہلا پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے شروع ہونے سے معلوم ہوتا ہے کہ چین میں ہم جنس پرستوں کے بارے میں رویہ بدل رہا ہے۔
اس پروگرام کو انٹرنیٹ پر نشر کیا جا رہا ہے۔ اس کے میزبان ہم جنس پرست ہیں اور ہم جنسوں کو درپیش مسائل پر بات کی جاتی ہے۔
پروگرام شروع کرنے والوں کو امید ہے کہ اس سے معاشرے میں ہم جنس پرستی کے بارے میں منفی رویے کو تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
چین میں کمیونسٹ پارٹی کے اقتدار کے دوران ہم جنس پرستی کی شدید مخالفت کی جاتی رہی ہے۔ سن دو ہزار ایک تک چینی حکام ہم جنس پرستی کو ذہنی مرض قرار دیتے تھے۔ اگرچہ اب حالات بہت بدل چکے ہیں لیکن ہم جنس پرستوں کو خاندانی اقدار پر یقین رکھنے والے چینی معاشرے میں مشکلات درپیش ہیں۔