http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 04 April, 2007, 13:26 GMT 18:26 PST

’شاہ رخ بھی موم ہو گئے‘

پوری دنیا میں مشہور لندن کے میڈم تسا‎ؤ عجائب گھر میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کا مجسمہ بھی شامل ہو گیا ہے۔

شاہ رخ خان سے قبل اس عجائب گھر میں بالی ووڈ کے دو بڑے اداکاروں کے موم کے مجسمے موجود ہیں۔ ان میں سے مجسمہ ایک بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور دوسرا اداکارہ ایشوریہ رائے کا ہے۔

منگل کے روز مجسمہ کی نمائش کے موقع پر خود شاہ رخ خان وہاں موجود تھے۔ اس موقع پر شاہ رخ نے کہا کہ انہیں صرف اس بات کا افسوس ہے کہ اپنے خواب کو پورا ہوتے ہوئے دیکھنے کے لیے ان کی والدہ اس دنیا میں موجود نہیں ہیں۔

مسٹر خان نے مزید کہا ’جب میں بچہ تھا میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میری ماں کا خواب پورا ہو جائےگا۔کاش اس مجسمہ کو دیکھنے کے لیے وہ یہاں ہوتیں‘۔

مجسمہ کا افتتاح کرنے شاہ رخ خان جب اپنی بیوی گوری کے ساتھ ہال میں داخل ہوئے تو ان کا ڈھول تاشوں سے استقبال کیا گیا۔

مجسمہ کو تیار کرنے والے کاریگروں کے چیف سٹیفن مینسفیلڈ نے شاہ رخ خان کا موم کے مجسمہ بنانے کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ’اس مجسمہ میں شاہ رخ اپنے بالوں کے اسٹائل کے لیے کافی فکر مند تھے اور آخر تک انہوں نے اس بات کا خیال رکھا‘۔

لیکن انہوں نے یہ بھی کہا ’ ذاتی طور پر مجھے لگتاہے کہ ان کے سحر کو مجسمہ میں اتارنا میرے لیے سب سے بڑا چیلنچ رہا ہے‘۔

اس مجسمہ کو تیار کرنے میں چار مہینے لگے، جبکہ شاہ رخ کے جسم کی تقریباً پانچ سو مختلف پیمائشیں لی گئيں ۔

تو کیا شاہ رخ کا مجسمہ ان کی بیوی کو بھی پسند آیا۔ شاہ رخ کہتے ہیں ’اس میں میں کافی جوان نظر آ رہا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ انہيں یہ زیادہ اچھا لگے‘۔

یہ پوچھے جانے پر کہ اب شاہ رخ کس شخص کا مجسمہ میڈم تساؤ میں دیکھنے کی خواہش رکھتے ہيں۔ ان کا کہنا تھا ’میرے بیٹے آرین کا‘۔