http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 17 February, 2007, 07:04 GMT 12:04 PST

جمائما اورگرانٹ میں علیحدگی

برطانوی اداکار ہیوگرانٹ اور ان کی گرل فرینڈ جمائما خان نے تین سال ساتھ گزارنے کے بعد علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

ہیوگرانٹ کے تعلقات عامہ کے ایجنٹ رابرٹ گارلوک نے کہا ہے کہ یہ علیحدگی جوڑے کے مشترکہ فیصلے کے بعد ہوئی ہے اور یہ فیصلہ گزشتہ چند دن کے دوران کیا گیا ہے۔

46 سالہ گرانٹ اور 33 سالہ جمائما خان کے درمیان تعلقات کی ابتداء جمائما کی پاکستان کے معروف کرکٹ سٹار عمران خان سے طلاق کے بعد ہوئی تھی۔

جمائما خان برطانیہ کی معروف شخصیت سر جیمز گولڈسمتھ کی بیٹی ہیں۔

گرانٹ کی تازہ فلم ’میوزک اینڈ لرکس‘ اس ہفتے برطانیہ کے باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی ہے جس میں یوگرانٹ کے مد مقابل اداکارہ ڈریو بیری مور کام کررہی ہیں۔

جوڑے کے درمیان علیحدگی اس فلم کے پریمیئر شوز میں شرکت کے بعد سامنے آئی ہے۔

گرانٹ اور جمائما کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جوڑا اپنے اس مشترکہ فیصلے کو اپنا ذاتی معاملہ تصور کرتا ہے اور اس بارے میں دونوں میں سے کوئی بھی فریق مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔

ہیوگرانٹ نے مزاحیہ رومانوی فلموں سے شہرت کمائی ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’فور ویڈنگز اینڈ اے فیونرل‘ اور ’ناٹنگ ہل‘ شامل ہیں۔ ہیوگرانٹ نے کبھی شادی نہیں کی۔

جمائما سے قبل ان کے معروف ماڈل اور اداکارہ الزبتھ ہرلی سے طویل عرصے تک تعلقات رہے ہیں۔