Tuesday, 19 December, 2006, 12:42 GMT 17:42 PST
معروف کارٹونسٹ اور ’ٹام اینڈ جیری ‘ جیسے معروف کرداروں کے خالق جوزیف باربیرا کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ پچانوے برس کے تھے۔
انتقال کے وقت انکی بیوی شیلا انکے پاس تھیں۔ انکی موت پر وارنر برادر کے چیئرمین بیری میئر نے کہا ہے ’ جو اپنے کام کے سبب زندہ و جاوید رہیں گے۔‘
بیری کا کہنا تھا کہ ولیم اور ہانہ نے جن کارٹونز کی تخلیق کی ہے وہ اینیمیشن میں محض سپر سٹار ہی نہیں بلکہ امریکی پاپ کلچر کے پسندید ترین کردار ہیں۔
1937 میں ایم جی ایم سٹوڈیو میں باربیراکی ملاقات ہانہ سے ہوئی تھی۔ دونوں نے’ پس گیٹس دی بوٹ، نامی بلی اور چوہے کا کردار تیار کیا جو بعد میں ’ٹام اینڈ جیری‘ کے نام سے بہت مشہور ہوا۔
اس جوڑی کی سترہ برس کی شراکت کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس کردار کو چودہ باراکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا اور سات بار اسے انعام ملا۔
اسی جوڑي نے سنہ 1969 میں اسکوبی - ڈو نامی کردار کی تخلیق کی جو بہت مقبول ہوا۔ یہ کردار مستقل سترہ برسوں تک ٹیلی ویژن پر چھایا رہا جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔
سنہ 1957 میں ولیم ہانہ نے ایم جی ایم سٹوڈیو کو خیر باد کہہ دیا اور دونوں نے ہانہ - باربیرا کے نام سے نئی کمپنی تشکیل دی اور اس کے بعد اس جوڑی نے اینیمیشن کی دنیا کو ایک سے ایک شاہکار دیے۔
اس جوڑی نے تین سو سے زائد کارٹونز کی تخلیق کی تھی جو آدھے گھنٹے کے تین ہزار سے زیادہ شوز میں دکھائے گئے۔