Thursday, 09 November, 2006, 08:46 GMT 13:46 PST
امریکن پاپ سنگر برٹنی سپیئرز اور ان کے شوہر کے درمیان طلاق کے بعد یہ تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ہے کہ بچے اب کس کے ساتھ رہیں گے؟
چوبیس سالہ برٹنی کے شوہر رقاص اور گلوکار کیون فیڈرلین نے لاس اینجلس کی ایک عدالت کو درخواست دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بچے ان کے حوالے کیے جائیں۔
اس سے پہلے برٹنی نے طلاق کے لیے درخواست دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے کیون سے ناقابل حل اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹوں ایک سالہ شان پریسٹن اور نومولود جیڈن جیمز کو اپنی نگرانی میں رکھنا چاہتی ہیں۔
کیون اور برٹنی سال دو ہزار چار میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ یہ برٹنی کی دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے بچپن کے دوست جیسن الیگزنڈر سے بیاہ رچایا تھا جو صرف پچپن گھنٹے بعد طلاق پر ختم ہوا۔
کیون فیڈرلین برٹنی سپیئر کی سٹیج پرفارمنس کے دوران ان کے پیچھے ناچنے والے گروپ میں شامل ایک رقاص تھے۔ اس سے پہلے وہ مائیکل جیکسن اور جسٹن ٹمبرلیک کے ساتھ بھی پرفارم کرتے رہے۔