http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 30 October, 2006, 08:11 GMT 13:11 PST

ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام‘ ممبئی

ایش کی شادی اور کرینہ کی خواہش

ایش کی شادی
پوری فلم انڈسٹری میں خبریں گرم ہیں کہ ایش اور ابھیشیک کی شادی آئندہ برس فروری میں ہوگی۔ جنوبی بھارت کے ایک اخبار نے امیتابھ بچن کے خاندانی پنڈت کے حوالے سے یہ خبر شائع بھی کر دی ہے۔اب اس میں کتنی سچائی ہے، یہ تو دونوں ہی جانیں لیکن ہمیں ایک بات ستا رہی ہے اور وہ یہ کہ ایش اور ابھیشیک کی تین فلمیں ایک کے بعد ایک نمائش کے لئے پیش ہورہی ہیں۔ کہیں یہ سب کچھ شہرت کے لئے تو نہیں۔۔۔! آپ بھی سوچیے۔۔۔

لکی سلمان
جی ہاں فلم ’میں نے پیار کیا‘ اور ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے فلمساز سورج چند برجاٹیہ کے لئے سلو بھیا بہت لکی ہیں کیونکہ ان کی دونوں فلمیں سلور جوبلی ہٹ ہوئی تھیں اس لئے انہوں نے اپنی اگلی فلم ’وِواہ‘ یعنی شادی جس میں شاہد کپور اور امرتا راؤ کی جوڑی ہے کے پوسٹرز پر سلمان کی بڑی سی تصویر چسپاں کی ہے اور اسی کے ساتھ تھیٹر میں جب فلم شروع ہو گی تو پردے پر پہلے سلمان کا بڑا سا پوسٹر آئےگا۔

کرینہ کی خواہش
خوبصورت کرینہ آج کل اپنا وزن کم کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ ایک مہینے میں انہوں نے اپنا پانچ کلو وزن کم کر لیا ہے۔ وہ روزانہ بند کمرے میں ورزش کے ذریعہ پسینہ بہاتی ہیں اور یہ سب وہ منی رتنم کی فلم ’لجو‘ کے لئے کر رہی ہیں لیکن اسی کے ساتھ کرینہ نے خواہش ظاہر کی کہ وہ شاہ رخ کے ساتھ بطور ہیروئین فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں۔
کوئی فلمساز سن رہا ہو تو کرینہ کی یہ خواہش پوری کردے۔
فلم ڈان میں حالانکہ انہوں نے وہ رقص کیا تھا جو ہیلن نے پرانی ڈان میں کیا تھا لیکن کرینہ اس سے مطمئن نہیں ہیں۔ وہ شاہ رخ کی دیوانی ہیں اور انہوں نے اب تک ایک سو پچاس مرتبہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ دیکھی ہے۔ بھئی کوئی فلمساز سن رہا ہو تو کرینہ کی یہ خواہش پوری کردے۔

جان اور جان من
نہیں یہ کسی فلم کا نام نہیں ہے بلکہ ہم بات کر رہے ہیں سلو بھیا کی فلم ’جان من‘ کی جو عید کے بعد اب باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے۔ اور آئندہ ہفتہ یعنی تین نومبر کو ایش کی امراؤ جان بھی پیش ہو رہی ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ کون سی ’جان‘ کس ’جان‘ کو چِت کرتی ہے۔

ابھیشیک غائب
ایش اور ابھیشیک کی فلم ’امراؤ جان‘ کی ہر پارٹی میں صرف ایش ہی نظر آتی ہیں اور ابھیشیک غائب۔ فلم کے گیتوں کی ریلیز پارٹی میں ایب نہیں تھے۔ پھر ریلائینس موبائیل پر فلم امراؤ جان کے نغموں کی پارٹی سے ایب غائب‘ لیکن جب صحافیوں نے ایش سے ایب کے غائب رہنے کے بارے میں سوال پوچھا تو ایش نے فوراً ہی جواب دیا کہ ایب آج کل بہت مصروف ہیں۔ لیکن ایب کہیں آپ دونوں میڈیا کے سوالات سے بچنے کے لئے تو ایک ساتھ آنے سے کترا نہیں رہے؟

گووندا کو عقل آگئی
یہ خود گووندا کہتے ہیں۔ بیچارے گووندا۔ ملک کی سیاست میں تو آگئے لیکن فلموں سے دور ہوگئے۔ اب فلمیں نہیں تو کیا کریں اس لئے وہ شو مین سبھاش گھئی کی پارٹی میں پہنچے جہاں گھئی نے اپنی سالگرہ پر ایک دو نہیں چھ فلمیں بنانے کا اعلان کر دیا۔ گووندا نے خود گھئی سے کہا کہ انہیں بھی ایک فلم میں رول مل جائے۔ اس کا اعتراف بھی انہوں نے ہی کیا اور کہا کہ ایک وقت فلم ’تال ‘ میں کام کرنے سے انہوں نے منع کر دیا تھا لیکن آج انہیں عقل آگئی ہے۔ گووندا جی یہ فلم نگری ہے اور اسے اب آپ سے بہتر کون جان سکتا ہے۔

سلو کا احسان
سلو اپنے دوستوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں اور ان کے لئے کسی قسم کی قربانی سے نہیں کتراتے۔ یہ بات گیت کار سمیر نے خود کہی جن کی سوانح حیات کا اجراء گزشتہ ہفتہ ہی ہوا۔ سمیر کا کہنا ہے کہ فلم ’بابل‘ میں گیت لکھنے کے لئے انہیں پیشکش ہوئی لیکن پتہ چلا کہ بعد میں یہ کام جاوید اختر کو دیا جا رہا تھا۔ بس جیسے ہی سلمان کو پتہ چلا انہوں نے چوپڑہ کو دھمکی دے دی کہ اگر سمیر نہیں تو وہ بھی نہیں بس کیا تھا فلمساز کو فیصلہ بدلنا پڑا۔دراصل سلو کو سمیر نے ہی ان کی پہلی فلم ’بیوی ہو تو ایسی میں‘ میں کام دلایا تھا۔

ری میک پر ری میک
کیا کریں اب فلمسازوں کو اس کے علاوہ کوئی اور کہانی مل ہی نہیں رہی ہے۔’ڈان‘ بنی اس کے بعد ’امراؤ جان‘ آ رہی ہے۔ پھر ’شعلے‘ بنے گی اور اب ’وکٹوریہ نمبر 203‘۔ اس میں اس وقت کے منجھے ہوئے اداکار اشوک کمار اور راجندر کمار نے کامیڈی کی تھی اب ان کی جگہ لے رہے ہیں انوپم کھیر اور اوم پوری۔ سائرہ کا کردار امرتا راؤ کریں گی۔ اب کیا کریں بیچارے اوریجنل کہانیوں کا اتنا فقدان ہے کہ ری میک پر ری میک کیے جا رہے ہیں۔

چلتے چلتے
اس سال انڈین فلم فیسٹیول گوا میں 23 نومبر سے شروع ہو رہا ہے اور اس کا افتتاح ششی کپور کریں گے جس میں شرکت کے لئے رچرڈ ایڈمبرگ آرہے ہیں۔

فلمساز سدھیر مشرا انیس سو پچاس کی فلموں پر مبنی ایک فلم ’کھویا کھویا چاند‘ بنا رہے ہیں جس کی ہیروئین سوہا علی خان ہیں۔

فلم انڈسٹری کی ہاٹ جوڑی بپاشا باسو اور جان ابراہام اب ایک بار پھر ساتھ میں پردے پر نظر آئیں گے۔ فلم کا نام گول ( مقصد ) ہے۔

منا بھائی بنے پروڈیوسر
اپنے سنجو بابا اب فلمساز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے والد سنیل دت کی پروڈکشن کمپنی ’اجنتا آرٹس‘ شروع کی ہے اور اب فلم ’بےحد‘ بنانے والے ہیں جس کی کہانی حقیقی زندگی پر مبنی ہے۔