http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 25 October, 2006, 06:39 GMT 11:39 PST

کروز اور ہومز نے شادی طے کرلی

ہالی وڈ کے مشہور جوڑے ٹام کروز اور کیٹی ہومز نے شادی کے لیئے 18 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ترجمان کے مطابق ان کی شادی اٹلی میں ہوگی۔

ترجمان آرنلڈ رابنسن نے مزید بتایا ہے کہ اس موقع پر دلہن کیٹی جارجیو ارمانی کا ڈیزائن کردہ عروسی جوڑا زیب تن کریں گی۔

اس جوڑے کی منگنی جون 2005 میں ہوئی تھی۔ اس سے صرف دو ماہ قبل ہی انہیں پہلی مرتبہ روم میں ساتھ دیکھا گیا تھا۔

44 سالہ کروز کا کہنا ہے کہ انہوں نے 27 سالہ کیٹی کو ایفل ٹاور کے اوپر شادی کی پیشکش کی تھی۔ کروز اور کیٹی کی بیٹی ’سوری‘ اپریل میں پیدا ہوئی تھی۔ بچی کی پہلی تصاویر گزشتہ ماہ جاری کی گئی تھیں۔

کیٹی کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کروز کے کئی بیانات اخبارات کے صفحات پر رہے ہیں۔

اگست میں کروز نے پیراماؤنٹ پکچرز کے ساتھ اپنی 14 سالہ پارٹنرشپ ختم کردی تھی۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ ’کروز کا حالیہ رویہ ناقابل قبول ہے‘۔

کیٹی ہومز نے کروز کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے رویہ پر کڑی تنقید کی تھی۔