Saturday, 02 September, 2006, 12:59 GMT 17:59 PST
عارف وقار
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
کینیڈا میں ہونے والا ’ٹورانٹو فلمی میلہ‘ عالمی سطح کا ایک عظیم اجتماع ہے۔
اس برس 61 ملکوں سے 325 فلمیں اس میلے میں شریک ہو رہی ہیں۔
سات ستمبر سے سولہ ستمبر تک جاری رہنے والی اس فلمی تقریب میں پانچ ہندوستانی فلمیں بھی نمائش کےلئے پیش کی جارہی ہیں یعنی کَرن جوہر کی ’کبھی الوداع نہ کہنا‘، چِترا پالیکر کی ’گورکن کی کہانی‘، رجنیش دھومل پلّی کی ’وناجا‘ اور ایچ۔ پی۔ کمار کی ’اندھیرے میں چینخ‘ لیکن جِس فلم کا بے تابی سے انتظار کیا جا رہا ہے وہ کبیر خان کی ’کابل ایکسپریس‘ ہے جس کی کہانی
11 / 9 کے بعد افغانستان میں پیش آنے والے کچھ ایسے واقعات کے گرد گھومتی ہے جو کہ صرف اڑتالیس گھنٹوں پر محیط ہیں۔
کبیر خان اب تک ڈاکومنٹری فلمیں بناتے رہے ہیں اور دستاویزی فلم بندی کے دوران انہیں کابل میں جو تجربات ہوئے اُنہی کو بنیاد بنا کر انُھوں نے یہ فیچر فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔
![]() | |
| جان ابراہام نے کابل ایکسپریس میں ایک صحافی کا رول ادا کیا |
جیسا کہ ہدایتکار کبیر خان نے بتایا: افغانستان میں فلمبندی کوئی آسان کام نہ تھا اور طالبان نے سارے فلم یونٹ کو قتل کرنے کی دھمکی دے دی تھی لیکن اِن تمام مشکلات کے باوجود فلم کا تمام کام لوکیشن پر مکمل کیا گیا۔
’گورکن کی کہانی‘ ہدایتکار چترا پالیکر کی پہلی فلم ہے۔ نندِتا داس نے اس فلم میں انتہائی پسماندہ حیثیت کی ایک ایسی عورت کا کردار ادا کیا ہے جِسے بستی والوں نے چڑیل قرار دے کر اُسے مار ڈالنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
فلم ’وناجا‘ کے ڈائریکٹر رجنیش دھومل پّلی بھی ہدایتکاری کے میدان میں پہلی بار اترے ہیں اور یہ اُن کی اوّلین فیچر فلم ہے۔
![]() | |
| چین کی سُپر سٹار ژانگ ژی کو ٹورانٹو فلمی میلے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے |
’اندھیرے میں چینخ‘ 1949 کے واقعات پر مبنی ہے جب ریاست منی پور بھارت کا حصّہ بنی تھی۔
ٹورانٹو کے میلے میں شریک ہونے والی بھارتی فلمیں ہندی کے علاوہ منی پوری، ملیالم اور تلیگو زبانوں کی فلمیں ہیں اور اسطرح وہ بھارتی سر زمین کی بھرپور نمائندگی کرتی ہیں۔