Sunday, 27 August, 2006, 16:19 GMT 21:19 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
بھارتی فلم انڈسٹری کے ہدایت کار رشی کیش مکھرجی کا اتوار کی شام ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں انتقال ہو گیا ہے۔ انکی عمر چوراسی برس تھی اور گزشتہ دو ماہ سے علیل تھے۔ ان کے گردے خراب ہو چکے تھے اس لیئے ان کا ڈائیلاسیس کیا جاتا تھا۔ ان کی آخری رسومات منگل کے روز ادا کی جائیں گی۔
رِشی کیش مکھرجی کی پیدائش تیس ستمبر انیس سو بائیس کو مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ہوئی تھی۔
’رشی دا‘ کے نام سے مشہور رشی کیش نے ممبئی میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز نامور ہدایت کار بمل رائے کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے چھیالیس سے زیادہ فلموں کی ہدایت کاری کی تھی۔ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں ’آنند‘، ’ابھیمان‘، ’اصلی نقلی‘، ’گڈی‘، ’خوبصورت‘، ’چپکے چپکے‘ اور ’گول مال‘ بہت مقبول ہوئی تھی۔
رِشی دا ایک سلجھے ہوئے انسان تھے ۔ان میں طنز و مزاح کمال کا تھا۔ انہوں نے جو کامیڈی فلمیں بنائی ہیں اس سے ان کے ذوق کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
فلموں بہترین کارنامے کے سبب رِشی دا کو انیس سو نناوے میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔انہیں سن دو ہزار میں پدم وبھوشن اور انیس سو ساٹھ میں فلم ’انورادھا‘ پر صدرِ جمہوریہ میڈل بھی دیا گیا تھا۔