Saturday, 12 August, 2006, 12:22 GMT 17:22 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی میں بالی ووڈ کے اداکار امیتابھ بچن کے پوسٹر کے پس منظر میں سے پاکستانی پرچم ہٹادیا گیا ہے۔
یہ پوسٹر ایک ٹیلیفون کوئز مقابلے کا اشتہار تھا جو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ پروگرام کے بنیادی خیال پر مبنی ہے۔ ہندوستان میں امیتابھ اس پروگرام کی میزبانی کیا کرتے تھے۔
کراچی میونسپل کے شعبہ بل بورڈ کے سربراہ حسن نقوی نے بتایا کہ شہر میں کل دس سے پندرہ ایسے پوسٹر لگے ہوئے تھے اور شہریوں کو شکایت تھی کہ پاکستانی پرچم کی تصویر کے ساتھ امیتابھ بچن کی تصویر سے ان کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔ جس کے بعد پوسٹر کے پس منظر سےقومی پرچم ہٹادیا گیا ہے۔
کوئز مقابلہ کرانے والے ادارے ’ٹیلی فن‘کے مارکیٹنگ منیجر عبدالقادر نے بتایا کہ پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ امیتابھ کی تصویر لگانے پر کراچی سٹی انتظامیہ کے اعتراض کرنے پر پوسٹرکے پس منظر سے پرچم ہٹادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اشتہاری سکرینیں لاہور، کراچی سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں لگی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ہمارے لیئے اہم ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ اس کوئز کا فارمیٹ صرف امیتابھ بچن کے ٹی وی پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی جیسا ہے جب کہ اس کا امیتابھ بچن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
![]() | |
| پوسٹر کے پس منظر سے پرچم کی تصویر ہٹا دی گئی ہے |
دریں اثنا پاکستان کی فلمی اداکارہ اور فلمساز سنگیتا نے پاکستانی پرچم کے ساتھ امیتابھ کی تصویر لگانے کے فیصلے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ غلط تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ اداکاروں اور ہیروز کی سرحدیں نہیں ہوتیں۔