Saturday, 12 August, 2006, 06:41 GMT 11:41 PST
کراچی میں بالی وڈ کے سٹار امیتابھ بچن کے ایک تصویری پوسٹر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے پس منظر میں پاکستان کا قومی پرچم بنا ہوا تھا۔
یہ پوسٹر ایک ٹیلیفون کوئز مقابلے کا اشتہار تھا جو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ پروگرام کے بنیادی خیال پر مبنی ہے۔ ہندوستان میں امیتابھ اس پروگرام کی میزبانی کیا کرتے تھے۔
یہ مقابلہ پاکستان کے یوم آزادی کے دن یعنی چودہ اگست سے شروع ہورہا ہے۔
کراچی کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی پرچم کے ساتھ امیتابھ بچن کی تصویر قابل اعتراض ہے۔ ’یہ جگہ صرف ہمارے اپنے قومی ہیروز کے لیئے مخصوص ہے‘۔
یہ کوئز مقابلہ ’ٹیلی فن‘ نامی ادارہ کروا رہا ہے۔ ادارے کے مارکیٹنگ مینیجر عبدل قدیر کا کہنا ہے کہ وہ اس پابندی کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہا ’ہم نے پہلے ہی امیتابھ کی تصویر پرچم سے علیحدہ کرنا شروع کردی ہیں۔ ایسے پوسٹر کا چھاپنا ہماری غلطی تھی‘۔
ٹیلی فن کے کوئز مقابلے کا امیتابھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہندوستان میں ’کون بنے کا کروڑ پتی‘ پروگرام جنوری میں امیتابھ کی علالت کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔