Sunday, 06 August, 2006, 10:18 GMT 15:18 PST
امریکی پاپ سٹار میڈونا نے پوپ بینیڈکٹ کو اتوار کو روم میں ہونے والے گانوں کے ایک کنسرٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
اٹلی میں مذہبی حلقے کنسرٹ میں میڈونا کے ایک گانے کے دوران حضرت عیسٰی کی تصلیب کی نقل اتارنے پر تنقید کر رہے ہیں۔
کیتھولک پادریوں کا کہنا ہے کہ ان کے اس عمل سے مذہب کی توہین کا پہلو نکلتا ہے۔ میڈونا کو اس وقت دنیا کی سب سے بڑی پاپ سٹار ہونے کا شرف حاصل ہے۔ ان کی گائیکی کا سفر تنازعات سے پُر ہے۔
اتوار کو وہ روم میں ویٹیکن سے محض چند کلو میٹر کی مسافت پر واقع اولپمک سٹیڈیم میں تقریبا پچھہتر ہزار افراد کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔
کنٹسرٹ کے دوران اپنے ایک گانے ’لیو ٹُو ٹیل‘ کے دوران وہ خود کو شیشے سے بنی ایک صلیب پر لٹکائیں گی اور کانٹوں سے بنا تاج سر پر پہنیں گی۔
تعجب خیز بات یہ ہے کہ کیھتولک چر چ کے سینئر اراکین کی جانب سے حضرت عیسٰی کی تصلیب سے مشابہہ ان کے اس عمل کی مذمت نہیں کی گئی ہے۔
پوپ بینیڈکٹ کے ایک مشیر کارڈینل ارسیلیو میڈونا کے اس عمل کی مخالفت کرنے والوں میں سرفہرست ہیں اور ان کے مطابق ’میڈونا کی پوپ کے شہر میں پرفارمنس اور ان کا یہ عمل اُن شہیدوں پر ایک کھلا حملہ ہے‘۔
روم میں یہودی اور مسلمان رہنماؤں نے بھی تصلیب کی اس طرح سے نقل اتارنے کے عمل کی مذمت کی ہے۔ میڈونا کے ترجمان نے تنقید کے جواب میں پوپ بینی ڈکٹ کو میڈونا کی پرفارمنس کو بذات خود دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ ان کے مطابق پوپ اس شو میں میڈونا کی پرفارمنس سے یقینًا محظوظ اور انہیں سراہیں گے۔
اییسا پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کیتھولک پاپ سٹار میڈونا پر کیتھولک فرقے کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔ 1989 میں بھی ان کے ایک گانے ’لائیک اے پرئیر‘ کی وجہ سے ان پر تنقید کی گئی تھی۔