Thursday, 20 July, 2006, 12:44 GMT 17:44 PST
بالی وڈ کے سٹار امیتابھ بچن کو فلموں میں ان کی شاندار خدمات کے لیئے برطانیہ کی ایک یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا ہے۔
یونیسیف کے خیر سگالی سفیر امیتابھ بچن کو لیسٹر کی ڈی مانٹ فورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک پروگرام میں یہ اعزازی ڈگری دی گئی۔
اس سے قبل یہ یونیور سٹی جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کو ان کی خدمات کے صلے میں اعزازی ڈگری دے چکی ہے۔
ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد امیتابھ نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 1954 میں ان کے والد ہری ونش رائے بچن کو کیمبرج
یونیور سٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملی تھی اور آج وہ جو کچھ بھی ہیں اپنے والد کی وجہ سے ہیں۔
64 سالہ امیتابھ ہندوستانی فلمی دنیا میں ایک اہم حیثیت رکھتے ہیں اور بڑھتی عمر کے ساتھ ان کی مقبولیت میں لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اپنی طویل فلمی زندگی میں امیتابھ نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ انہوں نے ایسے دور بھی دیکھے ہیں جب ان کی فلمیں لگاتار ناکام ہوئیں لیکن یہ دور بہت دنوں تک نہیں چلا اور پھر انہوں نے کامیابی کی نئی تاریخ رقم کی۔