http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 19 June, 2006, 08:27 GMT 13:27 PST

بالی وڈ اداکاروں پر فرد جرم

راجستھان کی ایک عدالت میں بالی وڈ کے پانچ اداکاروں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ان میں اداکار سلمان خان، سیف علی خان، تبو، نیلم اور سونالی باندرے شامل ہیں جن پر ’وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ‘ یعنی جنگلی حیات کی حفاظت کے لیئے بنائے گئے قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ ہے۔ ان لوگوں پر 1998 میں کنکنی گاؤں میں دو نایاب کالے ہرنوں کا غیر قانونی شکار کرنے کاالزام ہے۔

پیر کے روز سلمان خان سمیت تمام ملزمان جودھ پور کی عدالت میں پیش ہوئے۔
اس سے قبل فروری میں سلمان خان پر ’وائلڈ لائف پروٹکشن ایکٹ‘ کے علاوہ ’انڈین پینل کوڈ‘ اور ’آرمز ایکٹ‘ کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

سلمان خان نے اس فرد جرم کے خلاف سیشن کورٹ میں اپیل کی اور عدالت نے اس میں تبدیلی کرنے کا حکم دیا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت تین جولائی کو ہو گی۔

سلمان خان پر جنگلوں کی حفاظت کے لیئے بنائے گئے قانون کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت کالے ہرن کا شکار غیر قانونی ہے۔

فرد جرم کے مطابق اس وقت سلمان خان کے ساتھ تبو، نیلم، سیف علی خان اور سونالی باندرے موجود تھیں اور ان پر سلمان خان کو اکسانے کا الزام ہے۔

یہ معاملہ اس وقت کا ہے جب سات برس قبل یہ تمام اداکار جودھپور میں فلم ساز اور ہدایتکار سورج برجاتیہ کی فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

سلمان خان کو اس سال فرروی میں ایسے ہی ایک دیگر معاملے میں جودھپور کی ایک ذیلی عدالت نے ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

اس کے علاوہ سلمان خان پر ایک حادثے کے سلسلے میں ممبئی میں بھی مقدمہ چل رہا ہے جس میں الزام کے مطابق انہوں نےاپنی گاڑی فٹ پاتھ پر سوئے بعض افراد پر چڑھا دی تھی اور حادثے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے تھے، اس واقعہ میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی تھی۔