Tuesday, 06 June, 2006, 12:37 GMT 17:37 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
انڈین فلم انڈسٹری میں کئی یادگار اور کامیاب فلموں کے خالق رشی کیش مکھرجی کو منگل کی صبح علالت کے باعث ممبئی کے لیلا وتی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ان کی عمر چوراسی سال ہے۔
رشی کیش تیس ستمبر انیس سو بائیس میں مغربی بنگال کے شہر کلکتہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انیس سو اکیاون میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز نامور فلمساز بمل رائے کے ساتھ کیا۔ رشی کیش کو فلمی دنیا رشی دا کے نام سے جانتی ہے۔
رشی دا نے بمل رائے کے معاون ڈائریکٹر کی حیثیت سے فلم مسافر میں کام کیا۔ فلم کو کامیابی نہیں ملی لیکن راج کپور ان کے کام سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے انیس سو انسٹھ میں انہیں اپنی فلم ’اناڑی‘ کی ہدایات دینے کے لیئے کہا۔ اس فلم میں راج کپور کے ساتھ اس وقت کی مشہور اداکارہ نوتن تھیں اور فلم انتہائی کامیاب رہی ۔اس کے بعد رشی دا نے مڑ کر نہیں دیکھا۔
انہوں نے 46 فلموں کی ہدایت دی پندرہ فلموں کی کہانیاں لکھیں اور وہ چودہ فلموں کے ایڈیٹر تھے۔
![]() | |
| فلم ’اناڑی‘ میں راج کپور کے ساتھ اس وقت کی مشہور اداکارہ نوتن تھیں |
فلم اصلی نقلی، اناڑی، آشیرواد، ابھیمان، گڈی، خوبصورت اور نمک حرام جیسی فلموں کے خالق رشی دا نے کبھی اپنی فلموں میں تشدد یا عریانیت کا سہارا نہیں لیا۔
رشی دا ہر فن مولا تھے۔ ایک طرف وہ انسانی فطرت اور گھریلو زندگی کو پردے پر اتارنے کے ماہر سمجھے جاتے تھے تو دوسری طرف متوسط طبقہ اور ان کے مسائل کو دنیا کے سامنے لانے میں انہوں نے ایک اہم کردار نبھایا ہے۔ سماجی مسائل کو فلم کے ذریعہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اس سے ایسا لگتا تھا کہ وہ فلم کو ایک میڈیا کے طور پر اچھی طرح استعمال کرتے تھے اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے ۔
![]() | |
| رشی دا کی فلمیں سیدھی سادی گھریلو فلمیں ہوتی تھیں |
ان کی یادگار فلموں میں ایک فلم ’ آنند‘ کا راجیش کھنہ کینسر جیسے مرض کی آخری اسٹیج پر ہے اور وہ اپنے ساتھیوں کو ہنسانے کی کوشش کرتا ہے۔ ناظرین اس منظر کو شاید کبھی بھول نہیں پائیں ۔
فلم ابھیمان میں انہوں نے میاں بیوی کے نازک رشتہ کو بہت خوبصورتی کے ساتھ پردے پر اتارا وہیں اس فلم سے انہوں نے بالی وڈ کی ویمپ کا امیج بھی بدل کر رکھ دیا ۔اس میں ان کا کردار مثبت تھا۔
رشی دا کو انیس سو ننانوے میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ سن دو ہزار ایک میں رشی دا کو فلموں میں ان کی خدمات کے عوض پدم وبھوشن کا خطاب بھی مل چکا ہے۔ انیس سو ساٹھ میں ان کی فلم انورادھا پر انہیں صدر جمہوریہ میڈل سے نوازا گیا۔
رشی دا کی فلمیں ایوارڈ کی محتاج نہیں ہو سکتیں۔ ان کی فلموں سے آئندہ نسل کے ہدایت کار اور کہانی کاروں نے سبق حاصل کیا ہے اور وہ ان کے لئے سنگ میل ثابت ہوئے ہیں ۔