Monday, 29 May, 2006, 15:48 GMT 20:48 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
’عامر خان نے جو کچھ کہا ہے وہ بالکل صحیح ہے اور پوری فلم انڈسٹری ان کے ساتھ ہے‘، ان خیالات کا اظہار پیر کی شام فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا، موشن پکچرز اینڈ ٹیلی ویژن انڈسٹری ، بالی وڈ ستارے اور جونیئر آرٹسٹوں کی یونین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا کے صدر امیت کھنہ کا کہنا تھا ’ذرائع ابلاغ میں خبریں آرہی تھیں کہ فلم انڈسٹری کی جانب سے کوئی مشترکہ رد عمل ظاہر نہیں کیا جارہا ہے اس لیئے آج ہم یہاں آئے ہیں ویسے ہم سب شروع سے عامر کے ساتھ تھے۔ عامر نے نرمدا ڈیم سے منسلک بیان، دستور ہند میں اظہار کی آزادی کے حق کے تحت دیا۔ انہوں نے ریاست گجرات یا وہاں کے عوام کے خلاف کچھ نہیں کہا وہ بار بار کہہ رہے ہیں کہ وہ صرف اجڑے لوگوں کی آباد کاری چاہتے ہیں اور یہی سب انڈیا کی عدالت عالیہ نے بھی کہا مگر اس کے باوجود عامر کی فلم ’فنا‘ پر پابندی عائد کرنا کہاں تک جائز ہے ؟‘
![]() | |
| یش چوپڑہ سمیت فلم انڈسٹری کی کوئی بھی شخصیت کھل کر گجرات حکومت کے خلاف کہنے کو تیار نہیں تھی |
انہیں خیالات کا اظہار موشن پکچرز اینڈ ٹیلی ویژن ایسوسی ایشن کے صدر پہلاج نہلانی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر ایک ہفتہ یعنی جمعہ تک گجرات میں فلم فنا کی نمائش نہیں کی جاتی تو پھر فلم انڈسٹری ایک لائحہ عمل تیار کرے گی جو شاید گجرات حکومت کے خلاف ہو‘۔
![]() | |
| ’ عامر خان جیسا شخص جو کہتا ہے وہ سوچ سمجھ کر کہتا ہے‘ |
یش چوپڑہ سمیت فلم انڈسٹری کی کوئی بھی شخصیت کھل کر گجرات حکومت کے خلاف کہنے کو تیار نہیں تھی۔ بالی وڈ اسٹار انیل کپور نے الٹا ذرائع ابلاغ سے کہا کہ ’آپ اپنے اندر جھانک کو پوچھیئے کہ جو ہورہا ہے وہ صحیح ہے یا غلط ہے‘۔ البتہ انہوں نے ایک بات صاف لفظوں میں کہہ دی کہ ’حکومت گجرات اظہار کی آزادی اور جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے‘۔
شومین سبھاش گھئی نے افسوس ظاہر کیا کہ ’ایک معمولی بات کو اتنا بڑا سیاسی وجوہات کی بنا پر بنایا جارہا ہے ۔لوگ اپنی سیاسی دکان چمکانے کی کوشش کررہے ہیں جسے اب روکا جانا چاہیئے‘۔
![]() | |
| ’عامر خان نے جو کچھ کہا ہے وہ بالکل صحیح ہے‘ |
اداکار رضا مراد نے عامر کو ایک باہمت اور ایماندار شخص کہا ’جس نے گجرات کے زلزلہ میں پچیس لاکھ روپے دیئے تھے اور اب بھی انہوں نے نرمدا ڈیم سے متاثر ہونے والی ریاستوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے چیک دئے ہیں جو شاید بہت کم لوگ کرتے ہیں‘۔
![]() | |
| ’آپ اپنے اندر جھانک کو پوچھیئے کہ جو ہورہا ہے وہ صحیح ہے یا غلط ہے‘ |
ہدایت کار کنال کوہلی کا کہنا تھا کہ ’گجرات سے نوجوان ممبئی میں فلم فنا دیکھنے پہنچ رہے ہیں ۔ فلم فنا کی جعلی سی ڈی ممبئی اور گجرات پہنچ چکی ہے اور فلم انڈسٹری کو اس سے کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے‘۔