Monday, 08 May, 2006, 15:18 GMT 20:18 PST
عارف وقار
بی بی سی ڈاٹ کام، لاہور
اس سلسلے کے گزشتہ مضامین میں آپ نے دیکھا ہوگا کہ سلطان راہی کی وفات (جنوری 1996) پاکستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں ایک اہم موڑ تھا۔ اپنی ناگہانی موت کے وقت وہ ہر دِل عزیز اداکار کئی درجن فلموں میں مرکزی کردار اداکر رہا تھا۔
جِن فلموں میں اسکا کام مکمل ہو چکا تھا اُن کی تعداد بہت کم تھی چنانچہ 1996 کے دوران اسکی صرف تیرہ فلمیں مکمل ہوکر نمائش کے لئے سینماؤں تک پہنچیں۔ مختلف فلم سازوں کا بہت سا سرمایہ ایسی فلموں میں پھنسا ہوا تھا جِن میں مرکزی کردار سلطان راہی ادا کر رہا تھا اور اِن فلموں کو کسی نہ کسی طرح مکمل کر کے سینماؤں تک لانا اشد ضروری تھا چنانچہ کچھ فلموں کی کہانی میں ردّوبدل کیا گیا، کہیں مناظر کی ترتیب میں تبدیلی کی گئی اور کہیں سلطان راہی کا کچھ کام کسی اور کردار کے سپرد کر دیا گیا۔
بعض صورتوں میں سلطان راہی کی پرانی فلموں سے مناظر حاصل کر کے اُن پر نئی آواز چڑھائی گئی اور کہیں سلطان راہی کے مکالمات پر محض دوسرے کِرداروں کا ردِعمل فلما کر کام چلایا گیا۔
![]() | |
| ریشم نے چھوٹی سکرین سے بڑی سکرین کا رُخ کیا |
فلمی اُفق پہ سلطان راہی کی خِیرہ کُن چمک ذرا ماند پڑی تو پتہ چلا کہ آس پاس کتنے ہی چھوٹے بڑے جگنو جگ مگ کر رہے تھے لیکن سلطانی دھوپ میں کسی کی روشنی بھی بار نہ پا سکی تھی البتہ اب دورِ سلطانی کے دھندلکے میں کئی دیئے روشن ہو چکے تھے جِن میں بابر علی کی لَو سب سے اونچی تھی اور اسکے پہلو میں سعود اور معمر رانا کی شمعیں بھی روشن تھیں۔
شان اپنی الگ شان کے ساتھ پہلے سے موجود تھا لیکن سلطان راہی کے اصل جانشین کے طور پر اسکی حیثیت کا تعین کچھ عرصہ بعد ہی ہوسکا۔
اس ’مابعدِ سلطانی دَور‘ میں جس شخص نے ایکشن فلموں کے خلاء کو راتوں رات پُر کیا وہ پشتو فلموں کا قدآور ہیرو بدرِ منیر تھا۔
![]() | |
| نوجوان ریما، ہدایتکار جاوید فاضل کی اہم ترین دریافت تھی |
اِس صورتِ حال کا ایک ضمنی فائدہ اُردو فلموں کو بھی پہنچا اور 1997 میں کئی برس کے بعد 9 پنجابی فلموں کے مقابلے میں 35 اُردو فلمیں پیش کی گئیں۔ اسی طرح 1998 میں صرف چھ پنجابی فلموں کے مقابل اُردو فلموں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی (اس صورتِ حال کا موازنہ 1991 کے حالات سے کیجئے جب سارے سال میں صرف 6 اُردو فلمیں ریلیز ہوئی تھیں جبکہ پنجابی فلموں کی تعداد 59 تھی!)
اعدادوشمار کے اس گورکھ دھندے سے جو سیدھے سادے نتائج برآمد ہوتے ہیں وہ اتنے سے ہیں کہ سن 90 کی دہائی کے آخری برسوں میں اُردو فلموں کا نصیب – مختصر عرصے کے لئے ہی سہی – جاگ اُٹّھا اور شان، بابر علی، سعود اور معمر رانا کے ساتھ ساتھ ریما، میرا، ریشم اور نرما نے بھی اپنا رنگ روپ دکھایا۔ اس سلسلے میں صائمہ خاص طور پر خوش قسمت رہیں جن کی دوچار نہیں بلکہ پوری 16 فلمیں 1999 کے دوران ریلیز ہوئیں۔
مُصنّف و ہدایتکار کے طور پر سن 90 کی دہائی میں سید نور کا بول بالا رہا جنھوں نے اس عرصے میں ’قسم‘ (1993 )، جیوا (1995 ) مشکل (1995 ) گھونگھٹ (1998 ) چوڑیاں (1998 ) اور دوپٹہ جل رہا ہے جیسی کامیاب فلمیں پیش کیں۔
![]() | |
| 90 کی دہائی میں فلمی اُفق کے دو درخشاں ستارے: میرا اور سعود |
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی لوکیشن کے لئے لندن کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن برطانوی ویزے ملنے کا عمل اتنا طویل اور پریشان کُن تھا کہ اسکی جگہ تُرکی جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
چونکہ ہدایتکار خود ہی مصنّف بھی تھا، اس لئے اُس نے استنبول کی سیر کرنے کے بعد فوری طور پر کہانی میں مناسب تبدیلیاں کر لیں اور ترکی کے میوزیم میں موجود اسلامی نوادرات کو کہانی کا جزو بنالیا۔
یہ ایک بڑی کاسٹ کی فلم تھی جس میں ایک طرف ندیم، جاوید شیخ اور نیلی جیسے سٹار تھے تو دوسری طرف ریشم اور بابر علی جیسے تازہ چہرے بھی موجود تھے۔ کریکٹر رول میں مصطفٰے قریشی، دیبا اور خالد بٹ نے اپنی تجربہ کاری کا پورا ثبوت مہیّا کیا تھا اور غلام محی الدین سِکھ کے آزمودہ کردار میں انتہائی کامیاب تھے۔
![]() | |
| معمر رانا اور صائمہ: ترقی کا سفر ابھی تک جاری ہے |