http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 23 April, 2006, 12:43 GMT 17:43 PST

شکسپئر کا تاریخ ساز فیسٹیول شروع

ولیم شکسپئر کے پیدائشی قصبے سٹیٹفرڈ اپان ایوان میں ڈراموں کا ایک بے مثال فیسٹیول اتوار سے شروع ہو رہا ہے اور پورے سال جاری رہے گا۔

اس اتوار سے 23 اپریل دو ہزار سات تک رائل شکسپئر کمپنی شکسپئر کے ہر ڈرامے، سانیٹ اور ہر طویل نظم کی ڈرامائی پیشکش کرے گی۔ 23 اپریل شکیسپئر کا یوم پیدائش بھی ہے اور یومِ انتقال بھی۔

رائل شکسپئر کمپنی، آر ایس سی کے آرٹسٹک ڈائریکٹر مائیکل بوائیڈ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس فیسٹیول میں غیر ملکی زبانوں میں بھی شکسپئر کا کام پیش کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوشش ہو گی کہ سٹیٹفرڈ اپان ایوان میں ہونے والا یہ فیسٹیول اس سال کی انتہائی اہم ترین ثقافتی تقریب ثابت ہو‘۔

آر ایس سی کا کہنا ہے کہ شکسپئر کی تمام تخلیقات کی اس طرح ایک ساتھ تھیٹریکل پیشکش خود کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور یہ پہلی بار ہو گا کہ تمام ڈرامے ایک تسلسل میں سٹیج کیے جائیں گے۔

فیسٹیول کے دوران شکیسپئر کے تمام سینتیس ڈراموں کے تمام متن سٹیج کیے جائیں گے یہاں تک کہ ان میں انتہائی کم معروف کنگ جان جیسے ڈرامے بھی شامل ہیں۔

انگریزی کے علاوہ دوسری زبانوں میں دس ڈرامے کیے جائیں گے۔ انگریزی میں تیئس ڈرامے آر ایس سی پیش کرے گی جب کہ باقی غیر ملکی کمپنیاں کریں گی۔

فنون کے بارے میں بی بی سی کی نامہ نگار ربیکا جونز کا کہنا ہے یہ عظیم منصوبہ ایک بڑا ’جوا‘ ہے تاہم گزشتہ سال اس فیسٹیول کی اسی مدت کے دوران جو ٹکٹ فروخت ہوئے تھے اس سال اسی عرصے میں اس سے ایک چوتھائی زیادہ فروخت ہو چکے ہیں۔