Wednesday, 01 March, 2006, 12:22 GMT 17:22 PST
نیل سمتھ
بی بی سی نیوز
جیمز بانڈ کے نام سے پہچانے جانے والے پیئرس بروسنن کی تازہ ترین فلم میں ان کا کردار روایتی بانڈ کے کردار سے ہٹ کر ہے۔
اس فلم میں وہ ایک ایسے شخص کا کردار کررہے ہیں جو کہ کرائے کا قاتل ہے اور زندگی کے مسائل کا شکار ہے۔
کردار کی اس تبدیلی کا سہرا فلم ڈائریکٹر رچرڈ شیپرڈ کے سر ہے جن کی فلم ’دی میٹاڈور‘ نے اس آئرش اداکار کو موقع فراہم کیا کہ وہ اپنے روایتی جیمز بانڈ ’کوٹ‘ سے چھٹکارا پاسکیں۔
جیمز بانڈ کا کردار اب اداکار ڈینیئل کریگ کے سپرد کردیا گیا ہے۔
شیپرڈ کا کہنا ہے کہ 52 سالہ بروسنن نے منفی کردار ادا کرنے کے اس موقع کا خیر مقدم کیا ہے اور اس میں وہ زندگی کے ایک نئے رخ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پیئرس بروسنن کو ایک عرصے سے ایسے ہی چیلنجینگ کردار کی تلاش تھی۔ فلم ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بوسنن کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ ہر طرح کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔
’دی میٹا ڈور‘ دس ملین ڈالر کی لاگت سے بنائی جارہی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ ہالی وڈ کی دیگر فلموں کی نسبت یہ فلم بہت کم لاگت میں بنائی جارہی ہے۔
فلم میں اگرچہ کرائے کے قاتل جولین نوبل کو ویانا، لاس ویگاس، ماسکو اور منیلا میں دکھایا گیا ہے تاہم پوری کی پوری فلم کی عکسبندی صرف میکسیکو میں کی گئی ہے۔
یہ فلم تین مارچ کو برطانیہ میں نمائش کے لیئے پیش کی جائے گی۔