http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 01 February, 2006, 19:08 GMT 00:08 PST

آسکر نامزدگی پر خوش ستارے

فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکر کے لیے نامزد کیے جانے والے اداکار اگلے ماہ ہونے والی ایوارڈز کی تقریبات کے لیے جشن منا رہے ہیں۔

ان ایوارڈز کے لیے بہت سے نئے چہرے نامزد کیے گئے ہیں۔

امریکی کاؤ بوائز پر بنائی گئی فلم ’بروک بیک ماؤنٹین‘ سب سے زیادہ یعنی آٹھ ایوارڈز کے لیے نامزد کی گئی ہے جس میں ہیتھ لیجر کی بطور بہترین اداکار نامزدگی بھی شامل ہے۔

پہلی مرتبہ نامزد کیے جانے والے لیجر نے کہا ہے کہ ’یہ ان کے لیے ایک بڑے فخر کی بات ہے‘۔

برطانیہ کی کیرا نائٹلی نے جو کہ فلم ’پرائڈ اینڈ پریجوڈائس‘ کے لیے نامزد ہوئی ہیں کہا ہے کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ اسے سب نے پسند کیا ہے‘۔
جارج کلونی اور اینگ لی
دونوں کے کام کو بہت پسند کیا گیا ہے

بہترین ڈائریکٹر کے لیے جارج کلونی، ملر، پال ہگیز، اینگ لی اور سپیلبرگ کو نامزد کیا گیا ہے۔

’گڈ نائٹ، اینڈ گڈ لک‘ کے ڈائریکٹر جارج کلونی کو ’سیریانا‘ فلم میں بہترین معاون اداکار کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

سپیلبرگ فلم ’میونخ‘ کے لیے نامزد کیے گئے ہیں اور یہ ان کی آسکر ایورڈز میں چھٹی مرتبہ نامزدگی ہے۔

سپیلبرگ نے کہا کہ ’یہ فلم بنانے والوں کے لیے ایک ہمت افزا سال ہے‘۔

اٹھہترویں اکیڈمی ایوارڈز پانچ مارچ کو ہالی وڈ کے کوڈیک تھیٹر میں منعقد کیے جائیں گے۔