http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 30 January, 2006, 23:34 GMT 04:34 PST

ریاٰض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

برائن ایڈمز کی صدر سے ملاقات

عالمی شہرت یافتہ پاپ سنگر اور گٹارسٹ برائن ایڈمز اور شہزاد رائے نے پیر کی شب اسلام آباد میں صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے۔

برائن ایڈمز نے سنیچر کی شب کراچی میں ایک میوزک کنسرٹ کیا تھا، یہ کنسرٹ نامور گلوکار شہزاد رائے کی تنظیم زندگی ٹرسٹ نے منعقد کرایا تھا۔

ملاقات میں صدر پرویز مشرف نے شہزاد رائے کی کوششوں کو سراہا اور ان کے ٹرسٹ کے لیے پانچ ملین روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

بی بی سی کو صدر مشرف سے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے زندگی ٹرسٹ کے ایگزیکیٹو نوید حیدر نے کہا کہ برائن نے صدر مشرف کو بتایا کہ چار ماہ قبل شہزاد رائے ان کے پاس پاکستان میں کنسرٹ کرنے کی دعوت لیکر آئے تھے جو انہوں نے قبول کی اور اس دعوت پر یہاں آکر انہیں بہت اچھا لگا۔

برائن نے بتایا کہ انہیں کراچی میں اتنا بڑا مجمع دیکھ کر بہت خوشی ہوئی وہ کوشش کرینگے کے پھر پاکستان آئیں۔
نوید حیدر کے مطابق صدر پرویز مشرف نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک کھلا ملک ہے جس میں ہر طرح کے لوگ بستے ہیں۔
برائن اور شہزار رائے
برائن اور شہزار رائے نے موسیقی کے کنسرٹ سے پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کیا

واضح رہے کہ زندگی ٹرسٹ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اسکول کھولنے کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے کراچی کے اربین سی کنٹری کلب میں برائن ایڈمز کا کنسٹرٹ منعقد کیا تھا۔

اس کنسرٹ میں برائن ایڈمز نے دو گھنٹے پرفارم کیا اور شہزاد رائے نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

تین مرتبہ انہوں نے آخری گیت گایا مگر ہر بار انہیں ونس مور ونس مور کی فرمائش پر اسٹیج رکنا پڑا۔

لوگوں کا ایک بڑا ہجوم تھا جس میں لڑکیاں بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں، شرکا نے برائن ایڈمز کے ہمراہ گیت گائے اور اس کے گٹار کی تاروں پر جھومتے رہے۔

اس کنسرٹ کا ٹکٹ ساڑہ تین ہزار روپے تھا منتظمیں کا کہنا ہے کہ کنسٹرٹ میں دس ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔ جبکہ زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزار رائے نے کنسٹرٹ سے قبل ایک پریس کانفرنس میں اس امید کا اظہار کیا تھا کہ اس کنسٹرٹ سے انہیں دو کروڑ کی آمدنی ہوگی۔ِ

برائن ایڈمز پیر کی شب واپس روانہ ہوجائینگے۔ کراچی میں یوں تو غیر ملکی فنکار پرفارم کرتے رہتے ہیں مگر ماضی قریب میں کسی مغربی گلوکار کی یہ پہلی پرفارمس تھی۔