Wednesday, 14 December, 2005, 18:02 GMT 23:02 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردوڈاٹ کام کراچی
پاکستان کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے بالی ووڈ اور لالی ووڈ کے فنکاروں کا مشترکہ شو منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بھارتی فنکار شتروگھن سنہا نے کراچی میں منگل کی شب ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زلزلے زدگان کی مدد کے لئے یہ شو کراچی یا لاہور میں منقعد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس شو کی تاریخ کا تعین جلد ہوجائےگا۔
شتروگھن نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں سندھ کے وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم اور گورنرعشرت العباد سے ملاقات کی ہے جنہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان کی فلم صنعت کا درجہ ملنا چاہیے اور بھارت اس سلسلے میں مدد کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا: ’اگر فنکارو ں کی تربیت کی ضرورت پڑی تو ہم وہ بھی دینے کو تیار ہیں۔‘
شتروگھن سنہا نے بتایا کہ بھارت میں جو پاکستانی فنکار اور گلوکار کام کر رہے ہیں ان کی کارکردگی اچھی ہے اور ’وہ لوگوں میں مقبول بھی ہیں، دونوں طرف کے لوگ فنکاروں سے محبت کرتے ہیں۔‘
شتروگھن سنہا نے پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مستقبل میں دونوں پڑوسی مزید نزدیک آئیں گے۔