Thursday, 24 November, 2005, 19:04 GMT 00:04 PST
ہیری پوٹر سیریز کی تازہ ترین فلم کی نمائش خصوصی طور پر بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر موجود خلا بازوں کے لیے کی گئی ہے۔
ہوسٹن میں واقع مشن کنٹرول نے منگل کے روز بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے کمانڈر اور امریکی خلاباز بل مک آرتھر کی درخواست پر اس فلم کو سگنل کی شکل میں خلائی سٹیشن تک پہنچایا۔
ناسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے عملے کا شیڈول بہت سخت ہے، تاہم وہ کچھ وقت تفریح کے لیے نکال لیتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’خلابازوں کی تفریح کے لیے خلائی سٹیشن پر ایک لائبریری بنائی گئی ہے جس میں ڈی وی ڈی فلموں کے علاوہ کتابیں، میگزین اور سی ڈیز موجود ہیں‘۔
یاد رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں سر پال مکارٹنی نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے عملے کے لیے خصوصی طور پر ایک لائیو پروگرام کیا تھا جس میں ان کے دو نغمے براہِ راست خلائی سٹیشن پر نشر کیے گئے تھے۔