http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 22 November, 2005, 08:29 GMT 13:29 PST

ہیری پوٹر نے ریکارڈ توڑ دیے

بچوں کے مشہور ناول ہیری پوٹر پر مبنی سیریز کی تازہ فلم برطانیہ کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم بن گئی ہے اور ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق ابتدائی تین روز میں اس فلم نے چودہ اعشاریہ نو ملین پاؤنڈ کا کاروبار کیا ہے۔

وارنر برادر موویز کا کہنا ہےکہ ہیری پوٹر کی نئی فلم نے سٹار وار فلم کی آخری کڑی ’ریوینج آف دی ستِھ‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس نے اتنا ہی کاروبار چار روز میں کیا تھا۔

کمپنی کا کہنا ہےکہ پچھلے ہفتے جمعے کے روز سے اکیس ممالک میں ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک فلم نے ایک سو اکیاسی اعشاریہ چار ملین ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔

امریکہ میں یہ فلم سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی چوتھی فلم تھی اور اس نے وہاں پر ایک سو ایک اعشاریہ چار ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ برطانیہ میں اس فلم سے ہونے والی کمائی کے سرکاری اعداد و شمار منگل کو جاری کیے جائیں گے۔

وارنر برادر کا کہنا ہے کہ گوبلیٹ آف فائر جس بھی ملک میں ریلیز ہوئی وہاں پر نمبر ون رہی۔