Monday, 18 July, 2005, 15:51 GMT 20:51 PST
اپنی اشاعت کے پہلے چوبیس گھنٹے میں ہی ہیری پوٹر سیریز کی چھٹی کتاب کی انہتر لاکھ جلدیں بک گئیں اور یوں ہیری پوٹر سیریز کا قائم کردہ پچھلی فروخت کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
پہلے چوبیس گھنٹوں میں امریکہ اور برطانیہ میں اس کتاب کی نوے لاکھ جلدیں بِک چکی تھیں۔
ہیری پوٹر سیریز کا نیا ناول ’ہاف بلڈ پرنس‘ سنیچر کو امریکہ میں ڈھائی لاکھ جلدیں فی گھنٹے کے حساب سے فروخت ہوا۔
گزشتہ کتاب یعنی آرڈر آف فینکس جب شائع ہوئی تھی تو پہلے چوبیس گھنٹے میں وہ پانچ ملین فروخت ہوئی تھی۔
اختتامِ ہفتہ امریکہ میں ہیری پوٹر اینڈ دی ہاف بلڈ پرنس کی اشاعت سے چوبیس گھنٹے میں ایک سو ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی۔
یہ آمدنی ہالی وڈ کی ریلیز ہونے والی نئی فلموں یعنی چارلی اینڈ دی چاکلیٹ فیکٹری اور دی ویڈنگ کریشرز کی مجموعی آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔
ہیری پوٹر سیریز کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ دو ہزار تین میں پچھلی کتاب کی اشاعت کی رونمائی کی خوشی میں آٹھ سو تقریبات ہوئیں جبکہ اس سنیچر کو چھٹی جلد کی اشاعت کے تعلق سے پانچ ہزار تقریبات منعقد ہوئیں۔