Wednesday, 06 July, 2005, 09:44 GMT 14:44 PST
ریحانہ بستی والا
ممبئی
بالی وڈ میں اب کامیڈی کا دور شروع ہو گیا ہے ۔چند ایک فلموں کو چھوڑ کر جتنی بھی کامیڈی فلمیں ریلیز ہوئیں وہ سب باکس آفس پر کامیاب ہوئیں اور یہی وجہ ہے کہ اب بڑے فلمسازوں نے بھی بڑی اسٹار کاسٹ کے ساتھ کامیڈی فلموں کا اعلان کر دیا۔
سبھاش گھئی نے تشار کپور اور رتیش دیشمکھ کو لے کر ایک کامیڈی فلم بنانے کا اعلان کیا تو وہ ہیں فلم ’مستی‘ کے ہدایت کار اندر کمار کی فلم ’دھمال‘ بھی اعلان کیا۔ یہ ایک کامیڈی فلم ہو گی جس میں انہوں نے سنجے دت، آفتاب شیو دسانی اور ارشد وارثی کو لیا ہے۔
دراصل ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی زبردست کامیابی کے بعد فلمسازوں کو ناظرین کی پسند کا احساس ہوا۔ بالی وڈ کی خاصیت ہے کہ ایک کامیاب فلم کے بعد اسی طرز پر کافی فلمیں بن جاتی ہیں ۔کامیڈی فلموں کے اس دور سے قبل ایکشن فلموں کا چلن تھا۔ اس سے قبل آرٹ سنیما نے اپنی جگہ بنا لی تھی اور دھڑا دھڑ آرٹ فلمیں بننے لگی تھیں۔
اب ناظرین ذہنی دباؤ اور کشیدہ ماحول سے نجات کے لئے ہلکی پھلکی کامیڈی دیکھنا چاہتے ہیں اور اسی لیے فلمسازوں نے بھی شائقین کی پسند بھانپ کر کامیڈی فلمیں بنانی شروع کر دی ہیں۔
حال ہی میں سلمان اور پریانکا کی فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ کو لوگوں نے پسند کیا اور اب سلمان کی ہوم پروڈکشن ’میں نے پیار کیوں کیا‘ آرہی ہے جس میں سلمان کے ساتھ قطرینہ کیف اور ساتھ میں سہیل خان اور ارباز خان بھی ہیں۔ یعنی یہ پہلی فلم ہے جس میں تینوں بھائی ایک ساتھ آرہے ہیں ۔
اسی ہفتہ ایک اور کامیڈی فلم ’نو انٹری‘ کی نمائش ہو گی اور یہ بھی کامیڈی فلم ہی ہے ۔
![]() سلمان خان کی فلم ’نو اینٹری‘ کا ایک منظر |
گووندا جو اس وقت سیاست میں داخل ہو چکے ہیں اور ممبر پارلیمنٹ ہیں ، کامیڈی رول کے شہنشاہ مانے جاتے تھے ۔تیز رفتار کے ساتھ مکالموں کی ادائیگی اور ان کا چلبلا پن ناظرین کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کر دیتا تھا ۔
سلمان خان کی لگاتار تین فلمیں آئیں اور وہ تینوں کامیڈی فلمیں تھیں۔ اس کے متعلق سلمان کہتے ہیں کہ لوگوں کو رُلانا تو آسان ہے لیکن ہنسانا مشکل کام ہے۔ وہ مزید کہتے ہيں البتہ کامیڈی فلم کے ذریعے لوگوں کو ہنسا کر اچھا لگتا اور لوگوں کو اپنے غم بھُلا کر کچھ دیر ہنسنے کا موقع مل جاتا ہے ۔