اداکارہ میرا کی فلم ’نظر‘ کی ریلیز کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ فلم 20 مئی کو ممبئی کے کئی سنیما گھروں میں ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ اجمیر شریف اور بھارت کے کئی شہروں کا دورہ کر کے واپس ممبئی آنے کے بعد میرا نے بی بی سی کے لیے ایک خصوصی فوٹو سیشن باندرہ کے ’بیڈ لاؤنج‘ ہوٹل میں کیا جس میں ان کے ساتھ فلم کی ہدایت کار سونی رازداں، فلمساز مہیش بھٹ، اور میرا کے والد موجود تھے۔
میرا اپنی فلم کی ریلیز سے کافی خوش لیکن کچھ فکرمند نظر آرہیں تھیں۔ سونی رازداں، جو مہیش بھٹ کی بیوی بھی ہیں، بطور ہدایت کار ان کی یہ پہلی فلم ہے۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ فلم میں میرا نے بہت اچھی اداکاری کی ہے۔ فلم میں ان کا نام دیویہ ورمن ہے جو ایک کامیاب گلوکارہ اور رقاصہ ہے۔
![]() اس فلم میں میرا کی اداکاری پر اعتراضات بھی اٹھائے گئے ہیں |
’نظر‘ میں سات نغمے ہیں جن کی موسیقی انو ملک کی ہے۔ اس فلم کا ٹائٹل نغمہ ’میرے دل میں رہو یا جگر میں رہو
تم ہمیشہ میری نظر میں رہو، نظر۔۔نظر بھی میرا پر فلمیا گیا ہے۔
میرا کی دوسری فلم بھی مکمل ہو چکی ہے جس کا نام ’ کسک‘ ہے۔ میرا کے مطابق یہ ایک آرٹ فلم ہے جس میں اس نے لکی علی کے ساتھ کام کیا ہے۔ مہیش بھٹ کے ہی ساتھ میرا ایک اور فلم میں بھی کام کر رہی ہیں جس میں وہ ایک پاکستانی لڑکی ہیں اور ان کی ملاقات برطانیہ میں بھارتی ہیرو سے ہوتی ہے۔ یہ فلم برطانیہ میں مقیم ایشیائی باشندوں کی تکالیف کو اجاگر کرے گی۔
میرا نے قبول کیا کہ اب وہ بالی وڈ کا حصہ بن چکی ہیں اور انہیں فلموں کی پیشکش ہونے لگی ہے ’لیکن میرے والدین ابھی بھی مطمئن نہیں ہیں وہ چاہتے ہیں کہ میں اپنے وطن واپس چلوں ۔‘
![]() میرا کا کہنا ہے کہ وہ صدر مشرف سے اس فلم کی پاکستان میں نمائش کے لیے شفارش کریں گی |
میری فلم ’نظر‘ کی نمائش اگر میرے ملک پاکستان میں نہیں ہوگی تو مجھے بہت افسوس ہو گا کیونکہ یہ میرا وطن ہے اور میرا بھی اس پر حق بنتا ہے اس لیے میں صدر مشرف صاحب سے گزارش کروں گی کہ اس فلم کی نمائس پاکستان میں بھی کی جائے۔