Tuesday, 08 February, 2005, 00:45 GMT 05:45 PST
ریحانہ بستی والا
ممبئی
سونامی لہروں نے جن لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیےتھے ان کے دامن میں خوشیاں بھرنے کے لیےفلمی ستاروں کے جھرمٹ میں منائی گئی ایک شام نے کروڑوں روپےجمع کیے ہیں۔
ممبئی کے علاقے باندرا میں شاید پہلی مرتبہ کوئی شو ’لائیو‘ دکھایا گیا جسے تمام بڑے ٹی وی اور نیوز چینلوں نے براڈکاسٹ کیا ۔
اس کے ساتھ ہی پہلی مرتبہ کسی اسٹیج پر ہندوستان اور پاکستان کے فلمی ستاروں نے ایک ساتھ پرفارمنس دی اور پہلی مرتبہ ابھیشیک بچن عوام کے سامنے اسٹیج پر تھرکے۔
مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات جے پال ریڈی ، مہاراشٹر کے وزیر اعلی ولاس راو دیش مکھ ، کھیل کے وزیر سنیل دت اور یش چوپڑہ کے ساتھ سونامی سے متاثرہ بچوں نے چراغ جلا کر پروگرام کا افتتاح کیا۔
سونامی سے متاثرین کی امداد کے لیے پروگرام کرنے کا منصوبہ سنجے دت نے تیار کیا اور انہی کی کوششوں سے اس پروگرام کو’لائییو‘ دیکھا گیا۔
اس رنگا رنگ محفل ميں بالی ووڈ ستاروں کے جھرمٹ کے ساتھ جب لولی ووڈ کے ستارے منور رانا اور میرا اسٹیج پر آئے تو شائقین نے دل کھول کر ان کا استقبال کیا ۔ ویرزارا کے رقص پر تھرکتے جوڑے نے لوگوں سے زبردست داد وصول کی۔
وویک اؤبرائے نے تامل ناڈو کے اس گاؤں کا تذکرہ کیا جہاں وہ بے سہارا ، بے گھر افراد کی مدد کے لیےگئےتھے۔
انہوں نے ایک معصوم بچے کا ذکر کیا جس کے باپ نے اسکے دل کے آپریشن کے لیےرقم جمع کی تھی لیکن سونامی کی خوفناک لہریں اسے بہا لے گئیں۔
وہ بچہ مسکرانا بھول گیا تھا لیکن وویک نے جب اس کے آپریشن کی حامی بھری تو اس نے پوچھا:
’انّا میں تو مسلمان ہوں میرا نام حاجی علی ہے کیا اس کے باوجود آپ میری مدد کریں گے ؟‘
وویک نے اس کا جواب ہاں میں دیا تو اس بچے کے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی۔
ایشوریہ رائے، شاہ رخ خان ، پرینکا چوپڑا ، اکشے کمار ، سیف علی خان ، پریتی زنٹا ، امیتابھ بچن ، ابھیشیک بچن کے رقص نے لاکھوں شائقین کو رات ڈیڑھ بجے تک اپنی سیٹوں پر بیٹھے رہنے پر مجبور کیا۔ وہیں پاکستان کے ‘ میوزیکل بینڈ ‘ اسٹرنگ نے لوگوں کو مسحور کر دیا۔
![]() ممبئی کنسرٹ میں ہندوستان کے تقریباً تمام بڑے فنکاروں سے حصہ لیا |
اسی طرح ایشوریہ رائے کے ساتھ چائے پینے کے لیے3 لاکھ 60 ہزار کی بولی لگی ہے۔
سنجے دت کے ساتھ’جم‘ میں ایک دن گزار نے پر ایک لاکھ 20 ہزار، شاہ رخ خان کے لیےدو لاکھ 50 ہزار، جان ابراہم کے ساتھ دھوم کی موٹر سائیکل پر گھومنے کے لیے ایک لاکھ دو ہزار اور کرن جوہر کے ساتھ شام گزارنے پر 2 لاکھ تک کی بولی لگائی جاچکی ہے۔
اس خصوصی پروگرام کے لےانتہائی جذباتی نغمہ تیار کیا گیا تھا جسے پرسون جوشی نے لکھا اور موسیقی انو ملک نے دی اور 10 گلوکاروں نے اسے اپنی آواز دی۔ اس نغمے کے بول ہیں:
’We shall always be together ‘
سلمان خان اور تمام فلمی ستاروں کے جھرمٹ میں اس نغمہ کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا ۔ لوگ اس ماہ کے آخر تک ویب سائیٹ www.helptelethon.com پر اپنی رقم بھیجیں گے اور ستاروں کی قربت کے لیے بازی ڈاٹ کامwww.bazi.com پر نیلامی کی بولی دیں گے۔