http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 14 January, 2005, 11:10 GMT 16:10 PST

سونامی کنسرٹ اور ’کرائے کے قاتل‘

سونامی کے متاثرین کے لیے ہونے والے بڑے کنسرٹ کے منتظمین اس کوشش میں ہیں کہ شو کے ٹکٹ ایسے افراد تک نہ پہنچ پائیں جو انہیں انٹرنیٹ پر فروخت کرنے کی کوشش کریں گے۔

کارڈف ملینیم سٹیڈیم کے مینیجر پال سارجنٹ نے یہ ٹکٹ فروخت کر کے منافع کمانے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو ’ کرائے کے قاتل‘ قرار دیا ہے۔

انٹرنیٹ پر خرید و فروخت کی ایک مشہور ویب سائٹ ای بے پر درجنوں ٹکٹ نیلامی کے لیے پیش کیے گئے ہیں البتہ یہ ٹکٹ بیچنے والے متعدد افراد کا کہنا ہے کہ وہ یہ رقم متاثرین کی امداد کے لیے دیں گے۔

ای بے ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ان ٹکٹوں کی انٹرنیٹ پر دوبارہ فروخت غیر قانونی بات نہیں ہے۔

ایرک کلیپٹن، کین، سنو پٹرول، مینک سٹریٹ پریچرز، بیڈلی ڈران بوائے، جولز ہالینڈ، لبرٹی ایکس، لیمار، شارلٹ چرچ، کریگ ڈیوڈ اور ایمبریس جیسے گلوکاروں اور بینڈز سے سجے اس کنسرٹ کے ساٹھ ہزار ٹکٹ صرف تین دن میں فروخت ہو گئے۔

امید کی جا رہی ہے کہ اس کنسرٹ کے باعث سونامی کے متاثرین کے لیے دس لاکھ پاؤنڈ جمع کیے جا سکیں گے۔