Sunday, 28 November, 2004, 23:50 GMT 04:50 PST
سکندر اعظم کی زندگی پر بننے والی مشہور ڈائریکٹر اولیور سٹون کی فلم ’الیگزینڈر‘ امریکہ میں باکس آفس پر بہت زیادہ کاروبار کرنے میں ناکام رہی ہے اور امریکی فلموں کے چارٹ پر نمبر چھ پر ہے۔
بہت بڑے پیمانے پر بننے والی اس تاریخی فلم نے، جس پر ایک اندازے کے مطابق ڈیرھ سو ملین ڈالر خرچ ہوئے ہیں، پہلے تین دن میں صرف ساڑھے تین ملین ڈالر کمائے ہیں۔
پچھلہ ہفتے فلم کی ریلیز کے موقع پر اس کے ڈائریکٹر اولیور سٹون کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا خاص طور پر انہیں سکندراعظم کے کردار کو ہم جنس دکھانے پر یونانی وکیلوں کی طرف سے مقدمات کا بھی خدشہ ہے۔
![]() اینجیلینا جولی نے فلم میں سکندراعظم کی ماں کا کردار ادا کیا ہے۔ |
امریکی ناقدین نے اس میں کولن فیرل کے سنہرے بالوں اور سکندراعظم کی ماں کا کردار کرنے والی اداکارہ اینجلینا جولی کی ڈائیلاگ کی ادائیگی پر سخت تنقید کی ہے۔
لیکن مشہور ناول نگار گور ودال نے اس فلم کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فلم میں سکندر اعظم کی جنسیت یعنی مردوں اور عورتوں دونوں سے تعلق رکھنے کی عکاسی کرکے پرانی حدوں کو توڑا گیا ہے۔
فلم کے ڈائریکٹر اولیور سٹون نے پچھلے ہفتے سویڈن میں ایک ایوارڈ حاصل کرنے کے موقع پر کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ فلم یورپ میں زیادہ پسند کی جائے گی۔