http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 26 October, 2004, 12:20 GMT 17:20 PST

کیری کے لیے ڈیکیپریو کی مہم

ہالی وڈ کے مشہور اداکار لیونارڈو ڈیکیپریو امریکہ میں دو نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے امیدوار سینیٹر جان کیری کے لیے چلائی جانے والی مہم میں زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے آخری کوششیں کر رہے ہیں۔

انتیس سالہ ڈیکیپریو اوریگان اور فلوریڈا میں نکالی گئی ریلیوں کے دوران لوگوں کو صدر بش کو ووٹ نہ دینے پر مائل کر رہے ہیں۔

ڈیکیپریوں نے ٹیمپا میں کہا کہ ’جارج بش نے ماحولیات کے امور سے متعلق غلط اور تباہ کن فیصلے کیے۔ اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔‘

ڈیموکریٹک پارٹی کے دیگر حامیوں میں اداکار بین ایفلک، میٹ ڈیمن، رابرٹ ڈینیرو اور مائیکل ڈگلس کے علاوہ اداکارہ باربرہ سٹرائسنڈ اور شیرن سٹون شامل ہیں۔

بین ایفلک نے جان کیری کے بارے کہا کہ ’میرے خیال میں کیری زبردست امیدوار ہیں اور میں ان کی حمایت کرتا رہوں گا۔‘

شیرن سٹون نے خواتین کو مخاطب کر کے کہا کہ ’اگر آپ کم ٹیکسوں کے حق میں ہیں اور چاہتی ہیں کہ خواتین پر کیے جانے والے تشدد کے معاملے پر توجہ دی جائے تو جان کیری کو ووٹ دیں۔‘

انٹرنیٹ پر چلائی جانے والے انتخابی اشتہار میں بھی ڈیکیپریو نے حصہ لیا ہے۔ ان کے علاوہ جسٹن ٹمبرلیک اور سیمیئل جے جیکسن بھی اس اشتہار میں موجود ہیں۔