http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 20 October, 2004, 15:21 GMT 20:21 PST

ٹرنر شو میں افغانستان

آجکل لندن میں ٹرنر پرائز شو جاری ہے اور اس بار اس میں جو ویڈیو فلمیں زیر نمائش ہیں ان میں طالبان کے بعد کا افغانستان اور اسامہ بن لادن کے گھر کا دورہ شامل ہیں۔

ٹرنر شو کے بارے میں عام طور پر تنقید کی جاتی ہے کہ یہ سطحی اور اشتعال انگیز ہوتا ہے لیکن اس بار اس میں سنجیدہ موضوعات حاوی ہیں۔

آرٹسٹ جوڑے لینگلینڈ اور نکی بیل کا کام افغانستان میں طالبان کے زوال کے بعد ان کے افغانستان میں دو ہفتے قیام پر مبنی ہے۔ اس میں نمایاں چیز اسامہ بن لادن کے گھر کا دورہ ہے جو انٹرایکٹو ہے جس میں فوٹوز کو کمپیوٹر کی فوٹیج کے ساتھ ملایا گیا ہے تاکہ دیکھنے والا اس ویران جگہ میں اپنی مرضی سے گھوم پھر سکے۔

اس کام سے ہمارے تجسس میں تو اضافہ ہوتا ہے لیکن معلومات میں اضافہ نہیں ہوتا اور یہ خیال آتا ہے کہ ہم کچھ جگہوں پر ان کے اہم ہونے کا جو بوجھ لاد دیتے ہیں وہ ان جگہوں کے لیے اٹھانا مشکل ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ لینگلینڈ اور بیلز نے افغانستان میں امدادی ایجنسیوں کے ناموں کے مخففوں جیسے یونیکا ، ایکو اور ہوپ وغیرہ کو جھنڈوں اور فوٹوز پر چھاپ کر اور نیون کی صورت میں دکھا کر ایک سادہ سے خیال کو خاصا لمبا کھینچنے کی کوشش کی ہے۔

نمائش کی ابتدا دنیا کی تاریخ سے ہوتی ہے جو جرمی ڈیلر نے دیواروں پر لکھی گئی چیزوں سے بنائی گئی ہے اور اس میں ان الفاظ کو اس طرح ملایا گیا ہے کہ پتا چلے کہ ایسڈ ہاؤس اور براس بینڈز کس طرح آپس میں جڑے ہوتے ہیں۔

ٹرنر شو تئیس دسمبر تک ٹیٹ برٹن میں جاری رہے گا۔