http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 14 October, 2004, 13:23 GMT 18:23 PST

بالی وڈ کی سابق اداکارہ انتقال کرگئیں

ماضی کی مشہور بالی وڈ اداکارہ نروپا رائے بدھ کی رات دل کے دورے سے انتقال کرگئی ہیں۔ انتقال کے وقت وہ بھارت کے فلمی صنعت کے گڑھ ممبئی میں اپنے گھر پر تھیں۔

نروپا کی عمر تہتر برس تھی۔ ان کے ورثاء میں ان کے شوہر کے علاوہ دو بیٹے بھی شامل ہیں۔

نروپا رائے نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز بلیک اینڈ وائٹ فلموں کے دور میں کیا تھا۔ ان کی پہلی فلم رانک دیوی تھی جو گجراتی زبان میں تھی اور 1946 میں فلمائی گئی تھی۔

انہوں نے کئی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کی سب سے مشہور فلم تھی ’دو بیگھے زمین‘۔

بعد میں انہوں نے کئی فلموں میں والدہ کا کردار ادا کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں عمر اکبر اننتھونی، دیوار، سہاگ، مرد، خون پسینہ اور کئی دیگر فلمیں شامل ہیں جنہوں نے ان کی مقبولیت میں اضافہ کیا۔