http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 01 October, 2004, 23:38 GMT 04:38 PST

نیل ارون
بی بی سی نیوز آن لائن

موم کی ایشوریا رائے بے نقاب

سابق حسینہ عالم ایشوریائے نے یکم اکتوبر کو لندن کی ٹھنڈی صبح کواس وقت گرما دیا جب اس نے میڈم تساؤ کے میوزیم میں اپنے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔

ایشوریا رائے بالی وڈ کی دوسری مشہور شخصیت ہے جس کا مجسمہ میڈم تساؤ کے مشہور عجائب گھر میں رکھا گیا ہے ۔اس سے پہلے امتابھ بچن کا مجسمہ اسی میوزیم میں رکھا گیا تھا۔

لندن کا یہ عجائب گھر مشہور شخصیات کےموم سے بنے مجسموں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

یکم اکتوبر کی صبح آٹھ بجے جب ایشوریا رائے کےمجسمے کی نمائش شروع ہوئی تو وہاں فوٹو گرافروں کا ایک جم غفیر تھا ۔

مغربی لباس میں ملبوس ایشوریا رائے نے جب اپنے مجسمے کو حیرت بھری نظروں سے دیکھ رہی تھی تو ان کے مداحوں میں سے ایک نے آواز لگائی :’ آپ کو اپنے مجسمہ کیسا لگا‘

سابق حسینہ عالم نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: ’ایسا لگتا ہے میری کلوننگ ہو گئی ہے۔‘

ایشوریا رائے نے فوٹو گرافروں کی فرمائش پر مجسمے کے قریب مختلف پوز بنوائے لیکن اس موقع پر ڈانس سے معذرت کر لی۔

سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے بالی وڈ میں کامیابی کے بعد کے بل بوتے پر ہی بہت شہرت حاصل کر لی ہے ۔

اب وہ بالی وڈ سے نکل کر ہالی وڈ کی طرف گامزن ہے ۔ مشہور ناول نگار جین آسٹن کے ناول پر بننے والی فلم برائڈ اینڈ پریجوڈیس اگر کامیاب ہو گئی تو ایشوریا رائے شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچ جائے گی۔