Wednesday, 19 May, 2004, 12:25 GMT 17:25 PST
ڈان گروپ آف نیوز پیپرز کی انظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کی وجہ سے منتظمین نے ہندوستانی اداکار انوپم کھیر کا ون مین شو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں بی بی سی نامہ نگار ظفر عباس کے مطابق مشہور ہندوستانی اداکار انوپم کھیر اِسی ہفتے ملک کے تین شہروں میں شو کرنے والے تھے۔
نامہ نگار کے مطابق منتظمین نے پہلے ہی کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں انوپم کھیر شو منعقد کرنے کے لئے کافی حد تک انتظامات مکمل کر لئے تھے۔
ڈان گروپ آف نیوز پیپرز کے چیف ایگزیکٹو حمید ہارون کے مطابق انہیں یہ شو اس لئے منسوخ کرنے پڑا کیونکہ وزارت داخلہ نے اس کے لئے مطلوبہ این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
حمید ہارون کے مطابق کراچی میں نیوی ایڈیٹوریم کی انتظامیہ میں نامعلوم افراد کی جانے سے بم دھماکے کی دھمکی کے بعد شو کا اجازت نامہ واپس کر لیا تھا۔
مسٹر ہارون کے مطابق پاکستان کی وزارت داخلہ نے ایک ایسے مرحلے پر این او سی جاری کرنے سے انکار کیا جب وزارت خارجہ اور دلی پاکستان کی سفارت خانہ اداکار انوپم کھیر اور ڈرامہ نگار فیرز خان کو پہلے ہی ویزے جاری کر چکا تھا۔
انہوں نے وزارت داخلہ کے اس اقدام کو آزادی اظہار کی خلاف ورزی قرار دیا۔