مس مارول میں نمرہ بچہ کا کردار جو ’کافی اونچی چھلانگ لگائے گا‘

    • مصنف, عالیہ نازکی
    • عہدہ, بی بی سی اردو، لندن
  • وقت اشاعت

تحریر شروع کرنے سے پہلے میں دو باتیں واضح کر دوں، پہلی تو یہ کہ میں نمرہ بچہ کی فین ہوں اور دوسری یہ کہ اس تحریر میں مِس مارول کے بارے میں سپوئلرز ہیں یا نہیں یہ جاننے کے لیے آپ کو پوری تحریر پڑھنا پڑے گی!

خیر اگر آپ مس مارول کے فین ہیں تو آپ کو یقیناً معلوم ہو گا کہ آج کل کی مس مارول ایک پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہیں اور آپ یہ بھی جانتے ہوں گے کہ نیا سیزن شروع ہو چکا ہے۔

اگر آپ مس مارول کے فین نہیں بھی ہیں تب بھی ممکن ہے کہ اڑتی اڑتی کچھ خبریں آپ کے کانوں تک بھی پہنچ گئی ہوں، شرمین چنوئی، فواد خان، مہوش حیات اور نمرہ بچہ کے بارے میں۔

نمرہ بچہ آج کل لندن میں ہیں اور طے یہ ہوا کہ ان سے بات کی جائے۔

نمرہ کو میں کافی عرصے سے جانتی ہوں۔ انھیں دوست کہنے کی ہمت تو نہیں کر سکتی لیکن جان پہچان اور وابستگی کافی پرانی ہے اور نمرہ آج بھی ویسی ہی ہیں جیسی وہ پہلے تھیں۔ بہت خوبصورت، خوش مزاج اور زندہ دل۔

ایک پاکستانی نژاد لڑکی مارول یونیورس میں سپر ہیرو ہے۔۔۔ یہ ’ریپریزنٹیشن‘ کے حوالے سے کتنی بڑی بات ہے، اس پر نمرہ بچہ نے کہا کہ یہ دراصل ریپریزنٹیشن سے بھی آگے کی بات ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’پہلی بار مغرب میں رہنے والے دوسری یا تیسری نسل کے تارکین وطن بچوں کے پاس اب پاپولر کلچر میں ایک سپر ہیرو ہے جو اُن کی طرح دِکھائی دیتی ہیں، ان کی طرح بات کرتی ہے اور انُھی کی طرح اپنے کلچر کو اپنی زندگی کا حصہ مانتی ہے۔‘

’شاید اب بچوں میں آگہی زیادہ ہے۔ وہ زیادہ سوچتے ہیں، زیادہ سوال کرتے ہیں۔ مغرب میں رہنے والے پاکستانی بچوں کے لیے، براؤن بچوں کے لیے یہ کافی بڑی بات ہے۔‘

ہم نے نمرہ سے مِس مارول میں اُن کے کردار کے بارے میں پوچھا کہ کوئی تو سپوئلر ملے، تو انھوں نے کہا کہ ’میں بہت کچھ تو نہیں بتا سکتی لیکن یہ ضرور کہوں گی کہ میرا کردار مس مارول کے آس پاس ہی رہتا ہے اور یہ کردار اتنا دلچسپ ہے اور اس قدر آہستہ آہستہ کھلتا ہے کہ کوئی اور تفصیل دینا کردار کے ساتھ نا انصافی ہو گی۔‘

یہ بھی پڑھیے

انھوں نے یہ ضرور بتایا کہ اُن کے کردار کا نام نجمہ ہے لیکن اس بات کی بھی کھلے الفاظ میں تصدیق نہیں کی کہ ان کا کردار منفی ہے یا نہیں۔

لیکن ہم بھی چھوڑنے والے تو تھے نہیں، آخر کار انھیں ہمیں بتانا ہی پڑا کہ ان کا کردار ’کافی اونچی چھلانگ لگاتا ہے‘ سپوئلر! شاید نہیں۔ خیر۔

مس مارول کے علاوہ ظاہر ہے بات نمرہ بچہ کی نئی فلم ’کملی‘ کے بارے میں بھی ہوئی۔ ڈائریکٹر سرمد کھوسٹ کی فلم کملی پانچ جون کو ریلیز ہوئی اور کافی تعریفیں بٹور رہی ہے۔

نمرہ بچہ نے بتایا کہ یہ فلم دراصل ایک کہانی پر مبنی ہے اور سکرین پر آتے آتے اس میں اور پیچیدگیوں کا اضافہ ہو گیا۔

نمرہ نے یہ بھی کہا کہ نئے پلیٹ فارمز اور مواقع کے باوجود یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آج کل کا دور آرٹِسٹس کے لیے بہت اچھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’جب بھی کچھ ہوتا ہے تو سب سے پہلا ٹارگٹ آرٹسٹس ہی ہوتے ہیں اور پاکستان بننے کے بعد سے اب تک فنکار کافی مشکل حالات میں اپنا کام کرتے آئے ہیں۔ آج بھی پھونک پھونک کر قدم رکھنا پڑتا ہے۔‘

مس مارول میں نمرہ بچہ آج یعنی بدھ کو نظر آئیں گی جب ان کا کردار ڈرامے میں متعارف ہو گا اور پلیز نجمہ کے سٹنٹس مِس نہ کیجیے گا، ان میں سے کچھ نمرہ بچہ نے خود کیے ہیں۔