27 February, 2008 - Published 15:11 GMT
احمدنور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ نواز ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے اور تمام جمہوری اقدار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اراکین اسمبلی کو خریدا جا رہا ہے۔
پرویز الہی نے یہ بات مسلم لیگ قاف کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہی۔
اُن کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اکسٹھ اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی ہے۔
اُن کے بقول مسلم لیگ نون ہارس ٹریڈنگ کی بانی ہے اور اتنا عرصہ ملک سے باہر رہنے کے باوجود نواز شریف نے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے اور وہ دوبارہ اُسی ڈگر پر چل رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ نون لیگ کے اس طرح کے اقدامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیونکہ اس سے نہ تو جمہوریت کو کوئی فائدہ پہنچے گا اور نہ ہی ملک کے نظام میں کوئی تبدیلی آئے گی۔
صدر پرویز مشرف کے مواخذے کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اگر صدر کو اُن کی جماعت نے منتخب کیا ہے تو وہ
اُن کی سپورٹ بھی کریں گے۔
|
مسلم لیگ نون ہارس ٹریڈنگ کی بانی
|
پرویز الہی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اُن کے پاس ثبوت موجود ہیں کہ دھاندلی اصل میں قاف لیگ کے لوگوں کے ساتھ کی گئی ہے اور اس حوالے سے ایس ایم ظفر اور ڈاکٹر خالد رانجھا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔