http://bbc.com.im/urdu/

19 February, 2008 - Published 21:46 GMT

ارمان صابر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ نواز نے کراچی میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے عام انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے اور یہاں دوبارہ شفاف اور منصفانہ الیکشن کا انعقاد کیا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (نواز) سندھ کے قائم مقام صدر سلیم ضیاء نے منگل کو کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ وہ خود اور ان کی جماعت کے امیدوار کراچی میں سات نشتوں پر جیت رہے تھے لیکن آخری گھنٹوں میں بوگس ووٹنگ اور دھاندلی کے باعث نتیجوں کو تبدیل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے ایک روز قبل میڈیا نے خبریں شائع کیں کہ صدر پرویز مشرف نے مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کے لیے واضح اکثریت سے کامیابی کی پیش گوئی کی ہے۔ سندھ خاص طور پر کراچی کی انتظامیہ نے اسے پیغام سمجھتے ہوئے سنجیدگی سے لیا اور اس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دھاندلی کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کیے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس دھاندلی کے ویڈیو اور دستاویزی ثبوت موجود ہیں جو ہم الیکشن کمیشن کو بھی پیش کریں گے‘۔

سلیم ضیاء نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حالیہ دھاندلی کے پیشِ نظر کراچی کے انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری جانب حلقہ این اے 253 سے پپلزپارٹی کے امیدوار سید فیصل رضا عابدی نے بھی دیگر امیدواروں کے ساتھ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دھاندلی کا الزام لگایا اور دعوٰی کیا کہ اگر دھاندلی نہ ہوتی تو ان کی فتح یقینی تھی۔

انہوں نے دعوٰی کیا کہ اٹھارہ فروری کو ان کی جماعت کا ایک پولنگ ایجنٹ اغواء ہوگیا تھا جس کی لاش برآمد ہوئی ہے اور اس کی موت کا الزام انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر لگایا ہے۔