08 February, 2008 - Published 15:14 GMT
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ نواز اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت تمام برطرف کیے گئے جج بحال کرے گی۔
وہ جمعہ کو پنجاب کے شہر فیصل آباد کےنواحی علاقہ سانگلہ ہل میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ اٹھارہ فروری کو عوام اپنا کردار ادا کریں اور ملک سے آمریت کو رخصت کردیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے عدلیہ کی بحالی کے لیے اپنے تمام امیدواروں سے حلف لیا ہے اور مسلم لیگ نواز کے اقتدار میں آنے کے بعد جج بحال ہوجائیں گے۔
نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہیْ پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ چودھری برادران میرے دائیں اور بائیں بیٹھے تھے لیکن اب اپنے ذاتی مفادات کے صدر پرویز مشرف کا ساتھ دے رہے ہیں۔
ان کے بقول ملک میں آٹے، گیس اور بجلی کا بحران کے ذمہ دار چودھری برادران ہیں اور ان کو عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دل چسپی نہیں ہے۔
سابق وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ نواز اقتدار میں آکر بے زورگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کرے گی۔